انکولہ، 28 / جولائی (ایس او نیوز) انکولہ کے شیرور میں پیش آئے چٹان کھسکنے کے سانحہ کے بعد لاپتہ ہوئے ٹرک اور اس کے ڈرائیور ارجن کے علاوہ دیگر گم شدہ افراد کی تلاشی مہم میں اڈپی ضلع کے ماہر غوطہ خور ایشور ملپے کی ٹیم بھی کل شامل ہوگئی ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ایشور ملپے کی ٹیم نے ان چار مقامات پر اپنی نظر مرکوز کی ہے جس کی نشاندہی ڈرون کے ذریعے کی گئی تھی ۔ مگر معلوم ہوا ہے کہ ابھی ان کی کوششوں میں بھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ کوِیک پے پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی کے ماہرین نے ڈرون کی مدد سے چار کانٹیکٹ پوائنٹس طے کیے تھے جس میں کانٹیکٹ پوائنٹ نمبر 4 پر ٹرک موجود ہونے کے سگنل ملنے کی بات کہی تھی ۔ کمپنی کی طرف سے ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سےنشان زد کردہ ان چار مقامات پر تلاشی مہم کے لئے نیوی کے غوطہ خوروں کو حصہ لینا تھا مگر ندی میں زیریں لہروں (انڈر کرنٹ) کا بہاو انتہائی تیز ہونے کی وجہ سے انہوں نے اس سے گریز کیا ۔ لیکن موقع پر پہنچنے والی ایشور ملپے کی ٹیم نے کل صبح سے ہی کمپنی کی طرف سے بتائے گئے ندی کے کنارے اور ندی کی تہہ والے مقامات پر تلاشی مہم چلائی ۔ لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ۔
اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے اتر کنڑا ڈپٹی کمشنر نے کہا : "پرائیویٹ کمپنی نے چار مقامات کی نشاندہی کی تھی ۔ اس سے قبل ہم نے بھی تین مقامات کا پتہ چلایا تھا ۔ اسی بنیاد پر ایشور ملپے کی ٹیم نے ندی کی تہہ میں جا کر تلاشی لی، مگر وہاں کچھ بھی ہاتھ نہیں آیا ۔ ہم یہ سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ہم سے کہاں غلطی ہوئی ہے ۔"